پیرس: پیرس کے صفائی کارکنوں کی ٹریڈ یونین سی جی ٹی ۔ ایف ٹی ڈی این ای ای اے 6 مارچ سے جاری اپنی ہڑتال ختم کر دے گی۔ ٹریڈ یونین نے ایک بیان میں یہ اطلاع دی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم بدھ 29 مارچ 2023 سے اپنا مظاہرہ ملتوی کرنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کی وجہ مظاہرے میں شامل لوگوں کی کم تعداد ہے۔ ٹریڈ یونین نے کہا کہ وہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے کچرے کے بندوبست اور صفائی ستھرائی کے ذمہ دار شہر کے حکام سے ایک بار پھر بات کرے گی۔ صفائی ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے شہر کی سڑکوں پر کچرا پہلے ہی جمع ہوگیا ہے۔ سی جی ٹی ۔ ایف ٹی ڈی این ای ای اے کی ہڑتال پنشن اصلاحات کے خلاف فرانس میں ملک گیر تحریک کا حصہ ہے۔
پنشن ریفارم اسکیم کے تحت ریٹائرمنٹ کی عمر 62 سے بڑھا کر 64 سال کر دی گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ژان لوک میلینچن کی قیادت والی بائیں بازو کی لا فرانس انسومس (ایل ایف آئی) پارٹی کی قیادت میں منصوبہ بند پنشن اصلاحات کے خلاف ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ لوگوں نے مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ فرانس میں ہڑتالی کارکنوں نے پنشن اصلاحات کے خلاف احتجاج کے درمیان منگل کو پیرس اسٹیشن کی طرف جانے والی ٹرین کی پٹریوں کو بند کر دیا اور مارچ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ جنوری کے شروع میں فرانسیسی وزیر اعظم الیزابتھ بورن نے متنازعہ پنشن اصلاحات کا مسودہ شروع کیا تھا۔ فرانس کی بڑی ٹریڈ یونینوں نے پنشن اصلاحات کے خلاف 19 جنوری سے ملک گیر ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔