اسلام آباد: پاکستان کی ایک خصوصی عدالت نے بدھ کو سابق وزیراعظم عمران خان کی عدالتی تحویل میں 26 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے نئی تشکیل دی گئی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔یاد رہے عمران خان اٹک جیل میں قید ہیں اور خصوصی عدالت جیل میں ہی سماعت کررہی ہے۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی بدھ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارٹی کے 70 سالہ چیئرمین عمران خان کو توشہ خانہ کرپشن کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد 5 اگست سے جیل میں رکھا گیا ہے۔ ان کی سزا اسلام آباد ہائی کورٹ نے 29 اگست کو معطل کر دی تھی، لیکن وہ سائفر کیس میں اٹک جیل میں ہی قید ہیں۔ اس کیس میں خصوصی عدالت نے ان کے ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔