اسلام آباد: پاکستان نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے عالمی برادری سے مالی امداد کی اپیل کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ موجودہ ریلیف آپریشن میں 80 ارب روپے کی ضرورت ہے اور نقصانات کے ازالے اور متاثرین کی بحالی کے لیے سینکڑوں ارب روپے درکار ہیں۔ پاکستان میں جولائی سے اب تک کم از کم 830 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ایسے حالات میں حکومت نے منگل کو سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد اور بحالی نیز تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ایک بین الاقوامی اپیل شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے پاکستان میں سیلاب Flood in Pakistan کی ہنگامی صورتحال پر ایک ہنگامی بریفنگ کے دوران کیا گیا، جسے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا از سر نو جائزہ لینے اور ترقیاتی شراکت داروں اور عطیہ دہندگان کو بحران کی شدت سے آگاہ کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔ اجلاس کی صدارت کرنے والے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 830 افراد ہلاک اور کم از کم 1348 زخمی ہوئے جب کہ ہزاروں افراد بے گھر ہیں۔