اسلام آباد:پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) کو ایک خط بھیج کر اگلے ہفتے وفاقی دارالحکومت میں اپنا جائزہ مشن بھیجنے کی درخواست کی ہے۔ یہ اطلاع میڈیا رپورٹس میں دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکومت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، اس لیے ہم نے آئی ایم ایف کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق مسلسل دوسرے روز وزیراعظم شہباز شریف کی ورچوئلی صدارت میں اقتصادی ٹیم کے اعلیٰ اختیاراتی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
ایک روز قبل مسٹرشہباز نے تعطل کو توڑنے اور سات ارب کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایس) کے تحت ایک ارب کی قسط جاری کرنے کے لیے درکار زیر التواء نویں جائزے کو مکمل کرنے کے لیے آئی ایم ایف کے سخت ضوابط کو نافذ کرنے کی اجازت دی تھی۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ سیکرٹری خزانہ نے اپنا جائزہ مشن بھیجنے کے لیے آئی ایم ایف کو تحریری درخواست بھیجی ہے اور توقع ہے کہ قرض دہندگان مثبت جواب دیں گے۔ وزیراعظم کی قیادت میں اقتصادی ٹیم نے ایک جامع اقتصادی اور مالیاتی فریم ورک اور آئی ایم ایف کی منسلک شرائط کو حتمی شکل دی تھی۔ فنڈ مشن کے ساتھ اتفاق کے بعد اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔