اسلام آباد: پاکستان کی میڈیا کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ 30 برسوں سے زائد مدت میں پاکستان کی لوٹ کھسوٹ سے جمع کی گئی اپنی غیر قانونی دولت بچانے کیلئے زرداری و شریف مافیا نے صرف 3 ماہ سے کچھ ہی زائد عرصے میں ملک کو سیاسی و اقتصادی طور پر گھٹنوں کے بل گرا دیا ہے، میرا سوال یہ ہے کہ ریاستی ادارے کب تک اس کی اجازت دیتے رہیں گے؟ Imran Khan on Pakistan Political Crisis
انہوں نے کہا کہ قوم سے اپنے روابط اور حقیقی آزادی کی میری پکار پر ان کے جواب کے بعد میں کامل یقین سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ عوام پہلے ہی بہت کچھ سہہ چکے ہیں اب ان مافیاز کو لوٹ مار کا سلسلہ برقرار رکھنےکی قطعاً اجازت نہیں دیں گے۔ ٹویٹ کے اختتام پر انہوں نے لکھا کہ سری لنکا کی طرح ہم اس صورتحال سے زیادہ دور نہیں جب ہمارے لوگ سڑکوں پر اُمڈ آئیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب سے ایک روز قبل بھی سابق وزیراعظم عمران خان نے بیان دیا تھا کہ ’کل ہمارے مینڈیٹ کو چوری کرنے کی کوشش کی گئی تو ملک سری لنکا کی طرف جائے گا پھر کوئی کنٹرول نہیں کرسکے گا‘۔ انہوں نے کہا تھا کہ ‘اس وقت آصف زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن یہ سب کوشش کر رہے ہیں کہ کل پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کا فیصلہ ہونا ہے اور پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ بننا ہے لیکن یہ پیسہ استعمال کر رہے ہیں اور دو دنوں سے ہمارے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں’۔