واشنگٹن: امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ساتھ دینے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف امریکہ کا اہم شراکت دار رہے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ہفتہ وار بریفنگ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہوگا کیونکہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان اس کا اہم شراکت دار ہے۔
پاکستانی اخبار ڈان نیوز کے مطابق پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی بڑھتی لہر پر بات کرتے ہوئے نیڈ پرائس نے کہا کہ دہشت گردی ایک لعنت ہے جو پاکستان، ہندوستان اور افغانستان کو متاثر کر رہی ہے اور یہی وہ چیز ہے جس پر ہم پورے خطے میں توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کی بات آتی ہے تو وہ امریکہ کا اہم شراکت دار ہے اور ہر لحاظ سے شراکت دار ہے۔ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہم نے حال ہی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم پر بات کی ہے۔
واضح رہے کہ 30 جنوری کو پشاور کے ریڈ زون میں بدترین خودکش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 100 افراد شہید ہوگئے تھے۔ خودکش دھماکے کی ذمہ داری ابتدائی طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی مگر بعدازاں اس نے حملے سے خود کو الگ کر دیا تھا لیکن متعدد ذرائع نے پہلے ہی اشارہ دے دیا تھا کہ یہ حملہ دہشت گردوں کے مقامی گروپس کی طرف سے کیا گیا تھا۔