اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت کی دو روز تک یکے بعد دیگرے ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف (آج) پیر کو پاکستان واپس آئیں گے، ان کے ہمراہ اسحٰق ڈار بھی وزیر خزانہ کا منصب سنبھالنے پاکستان پہنچیں گے۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے مفتاح اسمٰعیل سے ملاقات کی جنہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ملاقات کے بعد جاری ہونے والے بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اسحٰق ڈار کو وزیر خزانہ نامزد کیا ہے۔ Pakistan finance minister resigns
بعدازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مفتاح اسمٰعیل نے ٹوئٹ کیا کہ آج انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے ساتھ اجلاس میں بطور وزیر خزانہ زبانی استعفیٰ دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان واپس پہنچنے کے بعد باضابطہ طور پر استعفیٰ دے دوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے دو بار وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔