اسلام آباد: توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پیش ہوگئے، الیکشن کمیشن نے فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ بھی مقرر کر دی۔ الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کی وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرادی گئی۔
رکن الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری وکیل کو کیوں دیے؟ کیا آپ کو وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا طریقہ معلوم نہیں؟ چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ کسی اور کو وارنٹ کیوں دیے؟ فواد چوہدری نے موقف اختیار کیا کہ ان کا وہی موقف ہے جو دوسرے کیس میں تھا۔ عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نےکہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پانچ کیسز ہائی کورٹ میں ہیں، جیسے وہ فری ہوتے ہیں پیش ہو جائیں گے۔ وقفے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عمران خان بھی پیش ہوگئے۔