اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں 12 دسمبر کو دوبارہ فرد جرم عائد کی جائے گی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں آج عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان 26 ستمبر سے اڈیالہ جیل میں بند ہیں۔
اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور رضوان عباسی کے علاوہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے اہل خانہ اور وکلا عدالت میں پیش ہوئے، میڈیا کے 6 نمائندگان کو عدالتی کارروائی دیکھنے کی اجازت دی گئی۔ پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل پہنچنے پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج ملزمان میں سائفر کیس کی چالان نقول تقسیم ہوں گی، آج کی سماعت کے بعد سائفر کیس کے ٹرائل میں ایک ہفتے کا وقفہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کو کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت سے متعلق جیل انتظامیہ فیصلہ کرے گی یا جج کی صوابدید ہے، میڈیا کی عدالت تک رسائی سے متعلق پراسیکیوشن کا کوئی تعلق نہیں۔ دورانِ سماعت پی ٹی آئی وکلا نے نقول فراہم نہ کرنے کی استدعا کی اور اس حوالے سے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا کہا جبکہ ایف آئی اے اسپیشل پراسیکیوٹرز نے کیس کے نقول آج فراہم کرنے کی درخواست کی۔