لاہور: پاکستان کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت میں چار مئی تک توسیع کرتے ہوئے ویڈیو لنک کے ذریعے ایک روز پیشی کی درخواست منظور کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت کے کیس کی سماعت ہوئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج اعجاز بٹر نے سماعت کی، عمران خان اپنی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی استدعا کی، وکیل نے کہا کہ عمران خان کو سیکیورٹی کے مسائل ہیں اور سابق وزیر اعظم کی زندگی کو خطرات کے بارے میں دستاویزات بھی پیش کیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالت میں ہر بار پیش ہوتے اور باہر آتے تو نیا مقدمہ درج ہوتا ہے، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ سابق وزرائے عظم اور بھی ہیں، عمران خان نے ایسا کیا کام کیا جس کی وجہ سے انھیں اس لیول کے سیکیورٹی خدشات ہیں۔