اسلام آباد: شہباز شریف حکومت سعودی عرب کو پی ٹی آئی حکومت کے دوران رُکے ہوئے ایک بڑے منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے اور پاکستان میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کے ساتھ ایک جدید ریفائنری قائم کرنے پر آمادہ کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ Saudi Arabia to invest in Pakistan
دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نومبر کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، جس دوران اس حوالے سے باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ رپورٹ کے ہی مطابق پاکستانی فریق نے سعودی عرب کو معاہدوں کا احترام کرنے اور جنوبی ایشیائی ملک میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ دی نیوز نے رپورٹ کیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی سپلائی میں کمی کے فیصلے پر سعودی عرب کی حمایت بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ فروری 2019 میں محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران سعودی عرب نے 21 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ان میں 12 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کے منصوبے شامل ہیں۔