کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر ترکیہ کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا یہ وقت اسٹریٹجک تعاون بڑھانے کا بہترین موقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس طارق کی لانچنگ کردی گئی، وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے تعاون سے تیار جنگی بحری جہاز پی این ایس طارق کا افتتاح کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کراچی شپ یارڈ میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نائب صدر ترکیہ کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پی این ایس طارق چوتھا بحریہ جہاز ہے جو ترکیہ اور پاکستان نے مشترکہ طورپر تیار کیا، اس منصوبے کے مکمل ہونے پر ترکیہ صدر کے تعاون کا شکر گزار ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کا ملجم کلاس کورویٹ منصوبہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی عمدہ مثال ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ سٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام میں تعلقات صدیوں پرانے ہیں، 2010 میں سیلاب کےدوران صدر ترکیہ اور ان کی اہلیہ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، گزشتہ سال پاکستان میں سیلاب کے دوران بھی ترکیہ صدر ہماری مدد کیلئے موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام ایک دوسرے دکھ اور سُکھ میں شریک ہوتے ہیں، دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ملکر کام کرتے رہیں گے۔ شہباز شریف نے ترکیہ کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا یہ وقت اسٹریٹجک تعاون بڑھانے کا بہترین موقع ہے، سی پیک کامیابی اورترقی کا راستہ ہے امید کرتے ہیں ترکیہ بھی مستفید ہوسکتا ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ سی پیک کے 10سال مکمل ہونے پر چین کے اعلیٰ سطح وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ (یو این آئی)