اسلام آباد: جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان کے اعلیٰ انتخابی ادارے نے بھی پانچ سال کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ منگل کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 167 کے تحت بدعنوانی کے مرتکب پائے جانے کے بعد نااہل قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی ایک ٹرائل کورٹ نے ہفتے کے روز عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد پنجاب پولیس نے لاہور میں زمان پارک کی رہائش گاہ سے عمران خان کو گرفتار کرکے اٹک جیل میں منتقل کردیا ہے۔
وہیں عمران خان کی قانونی ٹیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں خان کی سزا کو چیلنج کرتے ہوئے اس فیصلے کو جانبدار اور منصفانہ عمل اور منصفانہ ٹرائل کے منہ پر طمانچہ قرار دیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ ٹرائل جج نے کیس کے میرٹ کی بجائے جانبداری کی بنیاد پر نتیجہ اخذ کیا کیونکہ درخواست گزار کے وکیل کو دلائل پیش کرنے کا حق نہیں دیا گیا تھا۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ فیصلہ درخواست گزار کو اپنا مقدمہ لڑنے کا موقع فراہم کیے بغیر ہی سنا دیا گیا اور الزام لگایا گیا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وکیل حارث کے دلائل سننے سے انکار کر دیا۔