اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا ، 31 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری ہوا۔ عدالت نے عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی اور درخواست گزارساجد محمود کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کی۔یاد رہے درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان نے برطانیہ میں ٹیریان وائٹ کی کفالت کے انتظامات کیے لیکن اپنے کاغذات نامزدگی میں اور الیکشن لڑنے کے حلف نامے میں اس کا ذکر نہیں کیا۔ درخواست گزار کے وکیل کے طور پر پیش ہونے والے سابق اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان کی جانب سے 18 نومبر 2004 کے ڈیکلیریشن پر مشتمل اضافی دستاویز پیش کی۔