اسلام آباد: پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی موجودگی میں ملک کے 10 بڑے تاجروں سے میٹنگ کے دوران انہیں یقین دلایا کہ بدترین دور ختم ہو چکا ہے، ملک نے ڈیفالٹ کے امکان پر قابو پالیا ہے، اب ہم ایک قوم کے طور پر آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں اور ہم ایک مضبوط قوم بننے کی راہ پر گامزن ہوں گے۔ یہ اطلاع پاکستانی میڈیا دی نیوز کی رپورٹ میں دی گئی ہے۔ دی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ ملاقات کے دوران پر امید نظر آئے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ معاشی مشکلات پر قابو پالیا گا ہے۔ انہوں نے تاجروں سے کہا کہ وہ پرعزم اور پراعتماد رہیں۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے سرکردہ تاجروں سے کہا کہ دنیا مشکل وقت کا سامنا کر رہی ہے اور ہم بھی مشکل وقت کا سامنا کر رہے ہیں لیکن بدترین وقت ختم ہو چکا ہے۔ جنرل عاصم نے اپنے تاجروں کو یقین دلانے کے لیے متعدد دفعہ اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیا کہ پاکستان موجودہ آزمائش پر کامیابی سے قابو پالے گا۔ دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں شریک ایک شخص کا کہنا تھا کہ تاجروں نے آرمی چیف سے ملاقات کی درخواست کی تھی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آرمی چیف نے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جسے تاجروں نے انتہائی کامیاب قرار دیا۔