لیبر ویلی: افریقی ملک گبون میں اقتدار سے بے دخل کیے جانے والے معزول صدر کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ 30 اگست کو افریقی ملک گبون میں صدر علی بونگو کے صدارتی گارڈز کمانڈر نے اقتدار پر قبضہ کرکے صدر کو نظربند کردیا تھا اور فوج نے ملک میں ہونے والے انتخابات کو معطل کرتے ہوئے ریاستی اداروں کوبھی تحلیل کردیا تھا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ سابق صدر علی بونگو کی نظربندی ختم کرکے انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر علی بونگو ملک سے باہر جانے کی اجازت ملنے کے بعد جلد ہی علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہوں گے۔ گبون فوج کے ترجمان نے سرکاری ٹی وی پر جاری بیان میں کہا کہ اپنی صحت سے متعلق دیے گئے بیان کے بعد سابق صدر علی بونگو سفر کے لیے آزاد ہیں اگر وہ چاہیں تو طبی معائنے کےلیے بیرون ملک جاسکتے ہیں۔ فوجی ترجمان نے کہا کہ گبون کے نئے سربراہ جنرل برک کلوٹیر کی منظوری سے سابق صدر کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی ہے۔