دوحہ: قطر نے اسرائیل فلسطین کشیدہ صورت حالکی مذمت کرتے ہوئے تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عائد کی ہے۔ ایک بیان میں قطری وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدہ صورت حال اور تشدد کا ذمہ دار صرف اسرائیل ہے، حالیہ کشیدگی میں فریقین سے تحمل کا مطالبہ کرتے ہیں۔ قطری وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا ہےکہ عالمی برادری اسرائیل کو ان واقعات کا بہانہ بنا کر فلسطینیوں پر جنگ مسلط کرنے سے روکے۔
اس حوالے سے سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ فلسطین کی غیر معمولی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، فلسطین اسرائیل کشیدگی میں متعدد محاذوں پر تشدد کے واقعات ہوئے ہیں، فریقین سے تشدد فوری روکنےکا مطالبہ کرتے ہیں۔ سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ فریقین شہریوں کے تحفظ کا خیال رکھیں اور تحمل سےکام لیں، سعودی عرب نے پہلے ہی فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیوں کے تباہ کن نتائج سے خبردار کردیا تھا۔ سعودی وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا ہےکہ عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور امن کے لیے دو ریاستی حل پر کام کرے، دو ریاستی حل ہی خطے میں سلامتی، امن اور شہریوں کی حفاظت کا ضامن ہے۔
اس معاملے پر ایک بیان میں ایرانی وزارت خارجہ نےکہا ہےکہ حماس کے اسرائیل پر حملے فلسطینیوں کے پر اعتماد ہونےکا مظہر ہیں، حماس کے آپریشن میں سرپرائز اور دیگر مشترکہ طریقے استعمال کیےگئے۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ حماس کے آپریشن کا طریقہ کار قابضین کے خلاف فلسطینی عوام کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
عمان نے مطالبہ کیا ہےکہ اسرائیل اور فلسطین زیادہ سے زیادہ تحمل سےکام لیں، بین الاقوامی برادری اسرائیل اور فلسطین میں کشیدگی رکوانےکی کوشش کرے۔ عمان نےکہا ہےکہ بین الاقوامی برادری عالمی قوانین کے تحت کشیدگی رکوائے۔