اسرائیل: مغربی کنارے میں ایک حملے میں 2 اسرائیلی بہنوں کی ہلاکت کے چند گھنٹے بعد اسرائیل کے شہر تل ابیب میں ایک کار راہ گیروں پر چڑھا دی گئی جس کے نتیجے میں ایک اطالوی سیاح ہلاک اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔ رواں ہفتے کے آغاز میں مسجد الاقصی پر اسرائیلی پولیس کے چھاپوں اور غزہ اور لبنان میں سرحد پار حملوں کے بعد اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا۔
اسرائیل نے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ اور جنوبی لبنان میں حماس کی تنصیبات کو نشانہ بنایا، اس صورتحال نے دنیا بھر میں خطرے کی گھنٹی بجا دی اور عالمی برادری نے فریقین سے پرامن رہنے کا مطالبہ کیا۔تازہ ترین حملے میں ایک کار تل ابیب کی ایک مشہور سڑک پر راہگیروں سے ٹکرا گئی، بندوق نکالنے کی کوشش پر پولیس نے ڈرائیور کو گولی مار دی۔ایک اسرائیلی سیکیورٹی ذریعہ نے حملہ آور کی شناخت کفر قاسم نامی قصبے سے تعلق رکنے والے اسرائیل کے عرب شہری کے طور پر کی۔
میگن ڈیوڈ ایڈوم ایمبولینس سروس نے کہا کہ متاثر ہونے والے تمام غیر ملکی سیاح تھے، اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص اطالوی شہری تھا اور زخمی ہونے والے دیگر افراد کا تعلق بھی اٹلی سے ہونے کا امکان ہے۔