لندن: نیدرلینڈز کے ساحل کے قریب شمالی سمندر میں تقریباً 3000 کاروں کو لے جانے والے ایک مال بردار بحری جہاز میں زبردست آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں عملے کا ایک بھارتی رکن ہلاک ہوگیا۔ 20 دیگر بھارتی عملے کے ارکان زخمی ہوئے۔ ڈچ کوسٹ گارڈ نے خبردار کیا ہے کہ آگ بجھانے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ آگ منگل کی رات پناما میں رجسٹرڈ 199 میٹر طویل جہاز 'فریمینٹل ہائی وے' پر لگی جو جرمنی سے مصر جا رہ تھا۔ آگ لگنے کے بعد عملے کے کئی ارکان نے جان بچانے کے لیے پانی میں چھلانگ لگا دی۔
نیدرلینڈ میں بھارتی سفارت خانے نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ جہاز میں آگ لگنے سے ایک بھارتی شہری کی موت ہوگئی۔ سفارتخانے نے بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہمیں شمالی سمندر میں 'فریمینٹل ہائی وے' نامی بحری جہاز کے حادثے سے بہت دکھ ہوا ہے، جس میں ایک بھارتی شہری ہلاک اور عملے کے کئی ارکان زخمی ہو گئے تھے۔سفارتخانے نے کہا کہ وہ ہلاک شدہ شخص کے اہل خانہ سے رابطے میں ہے اور میت کی وطن واپسی میں مدد کر رہا ہے۔
سفارتخانے کی جانب سے کی گئی ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ سفارت خانہ حادثے میں زخمی ہونے والے عملے کے 20 دیگر ارکان سے بھی رابطے میں ہے۔ تمام محفوظ ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ نیدرلینڈ کے حکام اور شپنگ کمپنی کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے عملے کے تمام 20 ارکان بھارتی ہیں۔ کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے بدھ کے روز سی این این کو بتایا کہ جہاز کے عملے کے 23 ارکان کو نکالنے کے لیے امدادی کشتیوں اور ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا گیا، جب کہ کچھ اپنی جان بچانے کے لیے جہاز سے کود گئے۔