کیمپ جکارتہ: لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے جی20 پارلیمانی اسپیکرز کی آٹھویں چوٹی کانفرنس میں موثر پارلیمنٹ، فعال جمہوریت کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'بھارت نے ہمیشہ قوانین پر مبنی بین الاقوامی نظام کی حمایت کی ہے اسی جذبے کے تحت بھارت نے عالمی امن اور استحکام کے لیے کثیر جہتی کو اپنانے پر زور دیا ہے تاکہ ہم دنیا کو درپیش چیلنجوں کو حل کرنے اور عوام کی آرزؤں کے مطابق حل تلاش کرنے کے لیے ایک جگہ جمع ہو سکیں۔' Om Birla in Jakarta
برلا نے جی20ممالک کے درمیان زیادہ یکجہتی اور تعاون کے لئے بھارت کے عزم کا اظہار کیا۔ اس پس منظر میں کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے بدلتے تناظر میں جمہوری اداروں کے ساتھ لوگوں کی شمولیت میں مزید اضافہ ہوا ہے، برلا نے کہا کہ ہمارا مقصد موجودہ نسل کو پارلیمنٹ سے مربوط کرنا ہے، اسی لیے نوجوانوں کی فعال شمولیت بے حد ضروری ہے۔ اس مقصد کی حصولیابی کے لیے پارلیمنٹ میں مختلف پروگراموں کاانعقاد کیا جاتا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ جمہوریت کے 75 سال کے اس شاندار اور قابل فخر سفر کے دوران ہماری جمہوریت مزید طاقتور اور متحرک ہوئی ہے نیز ہماری پارلیمنٹ عوام کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔
اس سے قبل”ابھرتے ہوئے مسائل - خوراک اور توانائی کا تحفظ اور اقتصادی چیلنج“ کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے اوم برلا نے کہا کہ دنیا کو کووڈ-19 سے پیدا ہونے والے بین الاقوامی عدم استحکام کے سبب خوراک اور توانائی کے تحفظ میں بحران کا سامنا ہے۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ اس کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک اور معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے خوراک اور توانائی کے تحفظ کے حوالے سے خدشات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔