جدہ: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا اگلا اجلاس 31 جولائی کو منعقد ہوگا، جس میں سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن کی بے حرمتی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ اس سے قبل عراق نے اس ہفتے کے اوائل میں یورپ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے بغداد میں وزرائے خارجہ کی ایک ہنگامی میٹنگ منعقد کرنے کے لئے او آئی سی کو مدعو کیا تھا۔
ایران کی اسلامی جمہوریہ خبر رساں ایجنسی نے کنعانی کے حوالے سے کہا "ایران اور عراق کے وزرائے خارجہ کی مشترکہ تجویز کے بعد اور اسلامی ممالک میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ (ایرانی وزیر خارجہ) حسین امیرعبداللہیان سے رابطہ اور انہیں پیغام بھیجنے کے بعد اور اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل کے ساتھ بات چیت ہوئی۔ اس کے بعد 31 جولائی کو وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے پر بات کی جائے گی اور اس پر جانچ کی مانگ کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں منگل کے روز ایک مرتبہ پھر قرآن مجید کی بے حرمتی کی گئی اور اسلام مخالف مٹھی بھر کارکنوں نے مصر اور ترکیہ کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن مجید کے نسخے نذر آتش کیے۔ ڈنمارک میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے توقیری کا یہ نیا واقعہ ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈنمارک اور سویڈن نے کہا ہے کہ وہ قرآن کو جلانے کی مذمت کرتے ہیں لیکن آزادیِ اظہار کے قوانین کے تحت اسے روک نہیں سکتے۔ ان دونوں ملکوں میں تین مرتبہ قرآن مجید کی انتہائی بے توقیری کی گئی ہے۔