اسلامی تعاون تنظیم (OIC) نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر سلسہ وار ٹویٹ میں کشمیری رہنما یاسین ملک Yasin Malik کو عمر قید کی سزا سنائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ او آئی سی نے ٹویٹ کیا کہ ’’اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کا جنرل سیکرٹریٹ کئی دہائیوں سے پرامن آزادی کی جدوجہد کی قیادت کرنے والے کشمیری رہنماؤں میں سے ایک یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔OIC Tweeted on Yasin Malik
ایک اور ٹویٹ میں او آئی سی نے لکھا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے او آئی سی کا جنرل سیکریٹریٹ عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کشمیریوں کی ان کے حقوق کے حصول کے لیے جائز جدوجہد کو دہشت گردی کے مترادف نہ قرار دیا جائے۔
او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ نے حکومت بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر منصفانہ طور پر قید تمام کشمیری رہنماؤں کو رہا کرے، بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں اور کشمیر (IIOJK) میں کشمیریوں پر ہونے والے سنگین اور منظم ظلم و ستم کو فوری طور پر روکے اور وہاں کے لوگوں کے حق کا احترام کریں کہ وہ آزادانہ اور غیر جانبدار ریفرنس کے ذریعے اپنے مستقبل کا تعین کریں جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج ہے۔