واشنگٹن: امریکہ نے عراق کے اربیل شہر میں ایران کے میزائل حملوں کی مذمت کی ہے۔ امریکہ وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملّر نے پریس کانفرنس میں ایران کی طرف سے کئے گئے حملوں کے متعلق کہا کہ امریکہ اربیل میں ایرانی حملوں کی بھرپور مذمت کرتا اور حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے کنبوں سے اظہارِ تعزیت کرتا ہے۔
انہوں نے عراقی حکومت کے ساتھ اور عراقی علاقائی کُرد انتظامیہ کے ساتھ، امریکی تعاون کی طرف توجہ مبذول کروائی اور کہا ہے کہ ایران کے حملوں نے عراق کے استحکام کی بیخ کنی کی ہے اور ہم ان حملوں کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔
وائٹ ہاوس نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کل شام کے وقت، عراقی علاقائی کُرد انتظامیہ اور شام کے شمال میں، ایران کی طرف سے کئے گئے میزائل حملوں میں کسی امریکی اہلکار اور کسی امریکی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
امریکہ قومی سلامتی کونسل کے ترجمان ایڈرین واٹسن نے کہا ہے کہ امریکہ، اعلیٰ سطحی عراقی حکام کے ساتھ ساتھ عراقی علاقائی کُرد انتظامیہ کے حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔ ایران کا دعوی ہے کہ مذکورہ حملے کرمان اور راسک کے داعش دہشت گردوں کے حملوں کا جواب ہیں۔