مظفر آباد: پاک مقبوضہ کشمیر میں تقریباً 28 زائرین سے بھری ایک بس حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بس مقبوضہ کشمیر کے ضلع سدھنوتی کے ایک دور افتادہ گاؤں نیریاں سے واپس آرہی تھی، جہاں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے متاثرین عرس میں شرکت کے لیے گئے تھے اور ضلع کوٹلی اور میرپور سے ہوتے ہوئے واپس جارہے تھے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کوٹلی ریاض مغل نے بتایا کہ جب یہ بس ضلع کوٹلی اور میرپور کی سرحد پر واقع گاؤں جارائی کے قریب پہنچی تو علاقے سے ناواقف ڈرائیور کی غفلت کے باعث کھائی میں گر گئی۔
انہوں نے کہا کہ سڑک پر ٹائروں کے نشانات بتاتے ہیں کہ تیز رفتار گاڑی کھائی میں گرنے سے پہلے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی تھی، حادثے کے بعد کسی نے مقامی تھانے کو حادثے کی اطلاع دی جس کے بعد کوٹلی اور میرپور دونوں اضلاع سے پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکار ریسکیو آپریشن کے لیے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ ابتدائی طور پر تیار کی گئی فہرست کے مطابق مرنے والوں کی شناخت عمر حیات، عبدالرحمٰن، یاسر، احمد اقبال، لقمان، مقصود، حافظ عمر، عمر، اور احمد کے نام سے ہوئی ہے۔