واشنگٹن: امریکی ریاست نیو جرسی کی ایک مسجدِ عمر بن الخطاب میں فجر کی نماز کے دوران امام پر چاقو سے حملہ کر دیا گیا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ نیو جرسی کے امام کی حالت اب مستحکم ہے۔ چاقو کے حملے سے 65 سالہ امام مسجد سید النقیب زخمی ہوگئے تھے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ذرائع کے مطابق مسجد کے ترجمان عبدالحمدان نے امریکی میڈیا چینل سی این این کو بتایا کہ امام سید النقیب کو صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب فجر کی نماز کے دوران اس وقت چاقو مارا گیا جب وہ رکوع میں جارہے تھے۔
حمدان نے مزید بتایا کہ مشتبہ حملہ آور بھی نماز ادا کر رہا تھا اور اس دوران وہ چاقو کے ساتھ آگے بڑھا اور امام پر کم از کم دو مرتبہ وار کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد، مشتبہ شخص نے مسجد سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن لوگ اسے پکڑنے میں کامیاب رہے اور پولیس کے حوالے کردیا۔ حملہ آور کی شناخت 32 سالہ سیرف زوربا کے نام سے ہوئی ہے لیکن پولیس کی جانب سے ملزم کے اس قاتلانہ حملے کی وجوہات سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔