اسلام آباد:پاکستان کے سابق وزیراعظم اور اس وقت جلاوطنی کی زندگی گزار رہے نواز شریف کی پاکستان واپسی کی تاریخ طے کر لی گئی ہے۔ وہ پاکستان میں حکمران اتحاد کیاہم جماعت پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل-این) کے سپریمو بھی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے 21 اکتوبر کو برطانیہ سے پاکستان واپسی کے لیے فلائٹ کا ٹکٹ بک کرایا ہے۔ پاکستانی نیوز چینل اے آر وائی نیوز نے یہ اطلاع دی ہے۔
اے آر وائی نیوز نے بتایا کہ وہ 21 اکتوبر کو کنیکٹنگ فلائٹ کے ذریعے پاکستان واپس آئیں گے۔ پہلے وہ لندن سے ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتریں گے۔ وہاں سے اسی دن لاہور روانہ ہوں گے۔ معلومات کے مطابق وہ نجی ایئرلائن کی پرواز نمبر 243 کے ذریعے ابوظہبی پہنچیں گے۔ شریف کا بزنس کلاس کا ٹکٹ ایڈوانس بک ہو چکا ہے۔ وہ شام 6 بجکر 25 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے۔ ادھر جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان واپس آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے یوتھ رضاکاروں کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔