میانمار فوج کے زیر کنٹرول الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ معزول رہنما آنگ سان سوچی کی پارٹی نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی پارٹی (NLD) کو نئے انتخابی قانون کے تحت دوبارہ رجسٹر کرنے میں ناکامی پر تحلیل کر دیا جائے گا۔ سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق، نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوچی کی قیادت میں این ایل ڈی ان 40 سیاسی جماعتوں میں شامل تھی جو منگل کو حکمران فوج کی انتخابات کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں بھی اپنی سیاسی جماعت کو رجسٹر کروانے میں ناکام رہنے کے بعد تحلیل ہو گئیں۔
جنوری میں، فوج نے سیاسی جماعتوں کو دو ماہ کا وقت دیا تھا کہ وہ نئے انتخابات سے قبل ایک سخت نئے انتخابی قانون کے تحت دوبارہ رجسٹر ہو جائیں لیکن اس کے مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ نہ تو آزاد اور نہ ہی منصفانہ ہوں گے۔ این ایل ڈی نے کہا ہے کہ وہ اسے غیر قانونی الیکشن نہیں لڑے گی۔ نومبر 2020 کے پارلیمانی انتخابات میں NLD کی کامیابی کے بعد فوج نے فروری 2021 میں بغاوت کی اور اس کے بعد پارٹی کی رہنما سوچی کو جیل بھیج دیا۔