ابوجا (نائیجیریا): شمال مغربی نائیجیریا کی کدونا ریاست میں نماز جمعہ کے دوران ایک مسجد منہدم ہوگئی جس کے باعث سات افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نائیجرین حکام نے بتایا کہ زاریہ شہر میں جامع مسجد کا ایک حصہ اس وقت منہدم ہو گیا جب سینکڑوں لوگ نماز جمعہ ادا کرنے کے لئے مسجد میں موجود تھے، اس حادثے کے سبب سات نمازی ہلاک ہو گئے۔ زاریا شہر شمالی نائیجیریا کے بڑے شہروں میں سے ایک ہے۔ اطلاع ملتے ہی حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ جگہ جگہ دل دہلا دینے والے مناظر دیکھے گئے جس کی زد میں بہت سے لوگ آئے ہیں۔ زخمی افراد کو فورا ہی قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
ریاستی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے بتایا کہ اس حادثے میں 23 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فائر سروس کے اہلکاروں نے فورا ہسپتال منتقل کیا۔ ریاستی حکام نے بتایا کہ یہ مسجد 1830 کی دہائی میں تعمیر کی گئی تھی۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کو سپرد خاک کردیا گیا جبکہ اسی مسجد کے حصہ میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ کدونا کے گورنر اوبا ثانی نے اس حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا اور دل دہلا دینے والے واقعے سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد کا تیقن دیا۔ گورنر کے دفتر نے بتایا کہ زاریہ شہر میں پہلے سے ہی ایک ٹیم موجود تھی۔ مزید راحت کاری ٹیمیں متاثرہ افراد کو ہر قسم کی مدد فراہم کررہی ہے۔