ٹوکیو:جاپان میں اب تک جنوری میں کورونا وائرس وبا سے متعلق 8103 اموات ہوئی ہیں۔ جاپان کی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کووڈ-19 کی وجہ سے 326 اموات ہوچکی ہیں۔ گزشتہ 12 دنوں میں اس بیماری سے پانچ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2022 کے آغاز سے جاپان میں کووڈ سے ہونے والی اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔ وبائی مرض کی وجہ سے 2020 سے اب تک کل 65,400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اکتوبر میں 1,800 افراد ہلاک ہوئے، اس کے بعد نومبر میں 3,000 سے زیادہ اور دسمبر میں 7600 افراد اس بیماری سے ہلاک ہوئے۔ ان تمام اموات میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 97 فیصد رہی ہے۔ اگر جاپان میں جنوری میں بھی اسی طرح کورونا وائرس سے لوگ مرتے رہے تو رواں ماہ کے آخر تک یہ تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اموات کی تعداد میں اضافہ بیماری کی پیچیدگیوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کی وجہ سے نہیں ہے، بلکہ کووڈ-19 کی وجہ سے نمونیا اور قلبی امراض، اسٹروک اور ہارٹ اٹیک سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔