اردو

urdu

ETV Bharat / international

Gaza Massacre غزہ کے اسپتال پر حملے میں پانچ سو سے زائد افراد ہلاک - فلسطینی صدر نے امریکی صدر سے

غزہ کے الاہلی عرب اسپتال پر اسرائیل کے فضائی حملے میں سینکڑوں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ حالانکہ اسرائیل حملے کے لیے اسلامی جہاد تنظیم کو ذمہ دار قرار دے رہا ہے۔ اس حملے کی اقوام متحدہ سمیت بیشتر ممالک نے مذمت کی ہے۔ اس حملے کے بعد فلسطینی صدر نے امریکی صدر سے ہونے والی اپنی ملاقات کو منسوخ کردیا ہے۔ Hamas israel war, Gaza Strip, Palestinian President Mahmoud Abbas

More than 500 people were killed in attack
More than 500 people were killed in attack

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 18, 2023, 7:39 AM IST

Updated : Oct 18, 2023, 11:43 AM IST

غزہ: حماس اور اسرائیل کے بیچ جاری کشیدگی سے اب تک کا سب سے بڑا جانی نقصان سامنے آیا ہے۔ فلسطینی حکومت اور حماس کا دعویٰ ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں واقع ایک اسپتال کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں 500 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ مہلوکین میں بچوں اور خواتین کی خاصی تعداد ہے۔ حماس کے میڈیا آفس نے غزہ کی پٹی میں الاہلی عرب اسپتال پر حملے کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسپتال میں سینکڑوں بیماروں اور زخمیوں کو رکھا گیا تھا اور اس کے ساتھ وہاں دیگر فضائی حملوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد بھی پناہ گزین تھے۔‘ حماس کے میڈیا آفس کے مطابق حملے کے بعد سینکڑوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ حملے کے بعد اسپتال کے باہر ملبہ، لاشیں اور تباہ شدہ گاڑیاں دکھائی دے رہی ہیں۔ حملے میں اسپتال کا 80 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے اور دھماکے میں سینکڑوں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اسپتال میں کم ازکم 4000 ہزار لوگ پناہ لئے ہوئے تھے۔

دوسری جانب، اسرائیل سیدھے طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کر رہا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ اس حملے کی وجوہات کا جائزہ لے رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے الزام لگایا ہے کہ غزہ کا الاہلی اسپتال فلسطینی عسکریت پسندوں کی جانب سے داغے جانے والے راکٹوں کا نشانہ بنا ہے۔ صہیونی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے اس حملے کے لیے اسلامی جہاد تنظیم کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ وہیں اسلامی جہاد نے اسرائیل کے اس دعوے کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ غزہ کی مزاحمتی تنظیموں نے اسے اسرائیلی فوج کا فضائی حملہ بتایا ہے۔

اسرائیلی فضائیہ کے غزہ میں الاہلی عرب اسپتال کو نشانہ بنائے جانے اور سینکڑوں ہلاکتوں کے بعد فلسطینی صدر محمود عباس نے اردن کے دارالحکومت عمان میں امریکی صدر جو بائیڈن سے بدھ (18 اکتوبر) کو ہونے والی ملاقات کا پروگرام منسوخ کر دیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن بدھ کو اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں اور بائیڈن کا اس دورے میں اردن میں فلسطین اور مصر کے صدور سے ملاقات کا پروگرام تھا۔ اس سانحے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے اردن کے دورے کو منسوخ کر دیا ہے۔ فلسطینی سرکاری ذرائع ابلاع کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے غزہ کے الاہلی اسپتال پر فضائی حملے میں ہلاکتوں کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ فلسطینی صدر نے اسرائیلی حملے کو نسل کشی سے تعبیر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ پٹی میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تین ہزار تک پہنچ گئی

غزہ کے الاہلی اسپتال پر حملے میں ہوئی سینکڑوں ہلاکتوں کے بعد، مختلف ممالک کی جانب سے اس کی مخالفت اور مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے حملے کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں نے بھی اسپتال ہوئے فضائی حملے کو خوفناک اور ڈراونا قرار دیا ہے۔

وہیں، اقوام متحدہ نے سخت الفاظ میں اس حملے کی مذمت کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے غزہ شہر کے الاہلی عرب اسپتال میں معصوم خواتین اور بچوں کے قتل عام کے بعد انسانیت سے اسرائیل کے خلاف عالمی سطح پر متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اس حملے کو قتل عام قرار دیا اور دنیا سے انسانیت کی خاطر متحد ہونے اسرائیل کے خلاف کھڑے ہونے کی اپیل کی۔ ایکس پر پوسٹ میں ایرانی وزیر خارجہ نے اسرائیلی حکومت کو داعش سے بھی زیادہ خطرناک قرار دیا۔

Last Updated : Oct 18, 2023, 11:43 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details