سنگاپور: بھارت اور سنگاپور ایک باہمی انتظام کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں جس کے تحت دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے کے موبائل ادائیگی کے نظام کا استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر بینک کھاتوں میں رقم منتقل کر سکیں گے۔High Commission of India in Singapore
سنگاپور میں بھارت کے ہائی کمشنر پی کمارن نے آسیان-انڈیا میڈیا انٹرایکشن پروگرام کے تحت بھارتی صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ بھارت کے یو پی آئی موبائل پیمنٹ انٹرفیس اور سنگاپور کے ہم منصب نظام کے درمیان رابطہ قائم کرنے کی تیاریاں جاری ہیں اور یہ نظام اسی سال کے آخر تک چالو ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے سنگاپور میں کام کرنے والے لاکھوں تارکین وطن کارکنوں کو بہت کم خرچ پر تیزی سے اپنے گھروں کو رقم بھیجنے میں آسانی ہوگی۔ بھارت کے تقریباً 2.5 لاکھ شہری روزگار کے سلسلے میں سنگاپور میں رہتے ہیں۔
پی کمارن نے کہا کہ ریزرو بینک آف انڈیا اور سنگاپور کی مانیٹری اتھارٹی نے کافی کام کیا ہے۔ یہ منصوبہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے، اب کسی بھی وقت دونوں ممالک کے اعلیٰ رہنما ایک دوسرے سے بات چعت کر کے اس کے شروع کرنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ بھارت کے ہائی کمشنر نے کہا کہ مستقبل میں اسے جنوبی ایشیائی علاقائی ایسوسی ایشن (آسیان) کے کچھ دوسرے ممالک تک پھیلانا آسان ہوگا۔