واشنگٹن: امریکی ریاست مشی گن کی سپریم کورٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نااہل کرنے سے متعلق درخواست سننے سے انکار کرتے ہوئے انہیں پرائمری الیکشن کی اجازت دے دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے مختصر فیصلے میں ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کو پرائمری الیکشن کے معاملے پر فیصلہ نہیں دینا چاہیے۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالتی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیموکریٹس کی جانب سے انہیں بیلٹ پیپر سے ہٹانے کی کوشش عدالت نے بالکل درست اور واضح طور پر مسترد کردی ہے۔ مشی گن سپریم کورٹ نے کولوراڈو سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغاوت کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ پر لگائی گئی پابندی آئین سے متصادم ہے۔