بارسلونا: اسپین میں تارکین وطن کے ایک گروپ نے خاتون کی زچگی کا دھوکہ دے کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی، اور طیارے سے اتر کر فرار ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین میں بارسلونا ایئر پورٹ پر طیارے سے خاتون کو طبی امداد کے لیے اتارے جانے کے دوران ستائیس افراد اتر کر ایئرپورٹ سے فرار ہو گئے۔ میڈیا کے مطابق ہسپانوی حکومت نے بتایا کہ مراکش سے ترکی جانے والے ایک کمرشیل طیارے نے بدھ کے روز علی الصبح بارسلونا کے ایل پراٹ ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی، طیارے سے طبی ایمرجنسی کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم جہاز اترنے کے بعد 28 مسافر نکل کر بھاگ گئے۔Plane Emergency landing In Spain
حکومت نے بتایا کہ پولیس نے ابتدائی طور پر 14 افراد کو حراست میں لیا، جن میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل تھی، جس کے بارے میں حکام نے کہا اس نے زچگی کے درد اٹھنے کی اداکاری کی تھی، تاہم جب اسے اسپتال لے جایا گیا تو اسے دردِ زہ نہیں پایا گیا۔ حکام کے مطابق بعد میں دو مزید افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک کو ایئرپورٹ کے اندر سے پکڑا گیا اور دوسرا باہر سے ملا، تاہم مزید 12 افراد کا تاحال پتا نہیں چل سکا ہے۔حراست میں لیے گئے افراد میں سے 5 کو فوری طور پر ترکی کی پیگاسس ایئر لائن کے ذریعے چلائے جانے والے طیارے میں واپس لے جایا گیا، جب کہ کم از کم 8 دیگر کو مراکش بھیجا جائے گا۔ مذکورہ طیارہ کل 228 مسافروں کو لے کر کاسا بلانکا سے استنبول جا رہا تھا۔