اسلام آباد: فوج کی اعلیٰ قیادت میں تبدیلی سے ایک روز قبل بہاولپور کے کور کمانڈر اور انٹر سروس انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے استعفیٰ دے کر قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈان نیوز چینل نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ حکام نے نئی تعیناتیوں سے قبل ہی فیض حمید کا استعفیٰ قبول کر لیا جب کہ نئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر آج اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ Corps Commander Bahawalpur Hameed retirement
سامنے آنے والی اس پیش رفت سے متعلق انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، تاہم یہ خبریں اس لیے قابل اعتبار لگتی ہیں کیونکہ آئی ایس پی آر اور خود جنرل فیض حمید نے ان کی تردید نہیں کی۔ میڈیا آؤٹ لیٹس میں سے ایک نے خاندانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اس پیش رفت کو رپورٹ کیا۔ جنرل فیض حمید ان 6 سینئر ترین جرنیلوں میں شامل تھے جن کا نام جی ایچ کیو نے 2 اعلیٰ ترین فوجی عہدوں کے لیے ممکنہ امیدواروں کی فہرست میں شامل کیا تھا جسے گزشتہ ہفتے منظوری کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو بھیجا گیا تھا۔