تل ابیب: اردن کے ایک رکن پارلیمنٹ کو اردن اور اسرائیل کے درمیان ایلنبی کراسنگ پر اسرائیلی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس نے سونا اور اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس کی شناخت اردن کے رکن پارلیمنٹ عماد العدوان کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کی گرفتاری مبینہ طور پر خفیہ جانکاری کی بنیاد کی گئی ہے۔ اردنی رکن پارلیمان خلیل عطیہ نے اسرائیلی حکام سے انھیں فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
عمان کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کی رات ایک اردنی قانون ساز کو اسرائیل نے سینکڑوں ہتھیار اور بھاری مقدار میں سونا اسمگلنگ کرتے ہوئے پکڑے جانے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ اردنی میڈیا نے اتوار کو بتایا کہ قانون ساز، جس کی شناخت عماد العدوان کے نام سے ہوئی ہے، انھیں ایلنبی برج سرحدی کراسنگ عبور کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، جو فلسطینی اتھارٹی کے زیر انتظام شہر جیریکو سے تقریباً پانچ کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔