اسلام آباد: پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے پیر کو ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک کو مزید بحران سے بچانے کے لیے ایک ہی دن قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کرائے جائیں۔ یہ قرارداد گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ کی جانب سے صوبہ پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کے حکم کے بعد پیش کی گئی ہے۔ قرارداد میں انتخابات کے دوران غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے غیر جانبدار نگراں سیٹ اپ کی تقرری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ عباسی اور سینیٹر کامران مرتضیٰ نے قرارداد پیش کی، جس میں ملک بھر میں تمام اسمبلیوں کے عام انتخابات ایک ساتھ کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد میں یہ دلیل بھی دی گئی کہ چونکہ پنجاب قومی اسمبلی کی 50 فیصد سے زائد نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی وفاقی اکائی ہے اس لیے پنجاب میں انتخابات کا انعقاد قومی اسمبلی کے عام انتخابات کے نتائج کو متاثر کرے گا۔ وہیں دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے قرارداد کی پیشی کے بعد پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کرتے ہوئے نعرہ لگایا کہ الیکشن کراؤ ملک بچاؤ۔