جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے جوہانسبرگ میں ایک پانچ منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 70 ہو گئی ہے، جب کہ 43 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ جوہانسبرگ کی ایمرجنسی منیجمنٹ سروسز کے ترجمان رابرٹ ملاوڈزی نے جمعرات کے روز یہ اطلاع دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ شہر کے مرکز میں واقع پانچ منزلہ عمارت میں آگ کس چیز کی وجہ سے لگی۔
مولوڈزی نے بتایا کہ فائر فائٹرز کو ایک عمارت میں تقریبا (1:30 اے ایم) بجے آگ لگنے کے بارے میں الرٹ کیا گیا۔ درجنوں ہنگامی اور امدادی کارکن ابھی بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں جب کہ لاشیں نکالی جارہی ہیں۔ حکام نے کہا کہ ہم عمارت کے اندر موجود لوگوں کو باہر نکالنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور اب ہم آگ بجھانے کے بعد کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمی ہونے والوں میں سے زیادہ تر کو سانس لینے میں دشواری یا معمولی چوٹیں آئی تھیں۔ وہیں اس حادثے کے بعد بہت سے لوگ بے گھر بھی ہوگئے ہیں جن کی رہائش کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔