نئی دہلی: سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں نیم فوجی دستوں اور فوج کے درمیان جنگ جاری ہے۔ اس حملے میں ایک بھارتی بھی ہلاک ہوچکا ہے۔ اس کے بعد سوڈان میں بھارتی مشن نے وہاں رہنے والے بھارتیوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ سوڈان میں رہنے والے بھارتیوں کی حفاظت کے لیے بھارت کئی ممالک کے ساتھ رابطہ اور تال میل میں ہے۔ وزیر خارجہ جے شنکر نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ سے بات کی ہے۔ بھارت امریکہ اور برطانیہ سے بھی رابطے میں ہے۔
ٹویٹر پر جے شنکر نے لکھا کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے سوڈان کی صورتحال کے بارے میں بات کی ہے اور قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو جمہوریہ ہند کے وزیر خارجہ جے شنکر کی کال موصول ہوئی جس دوران، انہوں نے جمہوریہ سوڈان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جس میں فوجی کشیدگی کو روکنے اور فریم ورک معاہدے کی طرف واپسی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ سوڈان میں بھارتی شہریوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بھارت مختلف ممالک کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کر رہا ہے۔ جس کے وجہ سے بھارت نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے بھی بات کی اور سوڈان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔