ویسٹ بینک: اسرائیل نے مغربی کنارے میں ایک بڑے فوجی آپریشن میں جنین شہر اور اس کے پناہ گزین کیمپ پر زمینی اور فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی اور گیارہ ہلاک ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت نے تصدیق کی اور بتایا کہ جنین اور البرییہ میں اسرائیلی فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ خصوصی فورسز نے کل شام شروع ہونے والے بڑے فوجی آپریشن کے بعد جنین میں بھی متعدد گھروں پر چھاپے مارے اور درجنوں افراد کو گرفتار کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آج اسرائیل نے جنین شہر اور کیمپ کی طرف مزید فوج روانہ کی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق جنین کے قریب المقیبلہ میں کئی ٹینک موجود ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ تقریباً 1000 اسرائیلی فوجی فوجی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج کہ کہنا ہے کہ اس کی فوجیں جنین کیمپ پر قبضے کے لیے نہیں ، بلکہ ایک حفاظتی کارروائی کے لیے داخل ہوئیں، اور انھوں نے وہاں دھماکہ خیز مواد دریافت کیا ہے جو اسرائیلی افواج کو نشانہ بنانے کے لیے جمع کیا گیا تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ جنین میں آپریشن فلسطینی انتظامیہ کے خلاف نہیں تھا۔