تل ابیب: اسرائیل کے وزیر خزانہ سموٹرچ نے کہا ہے کہ امریکہ خود منافق ہے وہ اسرائیل کو اخلاق اور انسانی حقوق کا درس نہیں دے سکتا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انتہائی دائیں بازو کے حامی وزیر خزانہ سموٹرچ نے اسرائیل ریڈیو پر فلسطینیوں کی حق تلفیوں کے موضوع پر واشنگٹن انتظامیہ کی اسرائیل حکومت پر تنقیدوں کا جائزہ لیا ہے۔ سموٹرچ نے امریکہ انتظامیہ کی طرف سے اسرائیل کے وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویئر کے فلسطینیوں کے بارے میں نسلیت پرستانہ بیان کی مذّمت پر سخت الفاظ میں ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں اس طرف نہیں جانا چاہتا کہ امریکہ نے افغانستان اور عراق میں کیا کچھ کیا لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ وہ ہمیں اخلاق اور انسانی حقوق کا درس نہیں دے سکتے۔ یہ ایسا دوغلا پن ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ امریکہ کی ثالثی میں اسرائیل سعودی عرب بحالی تعلقات مذاکرات کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے سموٹرچ نے کہا ہے کہ ہم، اسرائیل سعودی عرب سمجھوتے کے ایک حصّے کی شکل میں بھی فلسطینیوں کے لئے کسی ڈھیل کو قبول نہیں کریں گے۔