غزہ: اسرائیلی فورسز نے فلسطین کے محصور شہر غزہ میں ایک اور یونیورسٹی کو تباہ کر دیا۔ واقعے کا دل دہلا دینے والا ویڈیو بھی سامنے آ گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صہیونی فورسز نے غزہ کے جنوب میں اعلیٰ تعلیم کو ایک بار پھر نشانہ بناتے ہوئے ایک اور یونیورسٹی الاسراء کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے صفحہ ہستی سے مٹا دیا ہے۔ اسرائیلی فورسز نے اس کا ویڈیو بھی جاری کیا۔
فلسطینی یونیورسٹی بیرزیت نے صہیونی فورسز کی جانب سے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ، قابض افواج نے 70 دنوں سے الاسراء یونیورسٹی کیمپس میں ڈیرہ جمایا ہوا تھا، اور اسے ملٹری بیرکس میں تبدیل کر دیا تھا، اب اسے دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یونیورسٹی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے اس کی بنیادوں اور دیواروں میں 315 بم نصب کیے گئے تھے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ذرا دیر میں پوری عمارت صفحہ ہستی سے مٹ گئی۔