غزہ: اقوام متحدہ کے خبررساں دفتر نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے امداد (اوسی ایچ اے) کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی کے بیشتر علاقوں بالخصوص وسطی علاقے میں 23 سے 26 دسمبر تک فضائی، زمینی اور سمندری راستے سے ہولناک بمباری کی ہے۔
العربیہ کے مطابق امدادی رابطہ دفتر نے مزید کہا کہ بمباری میں 24 اور 25 دسمبر کو تین پناہ گزین کیمپوں البریج، النصیرات اور المغازی پر 50 سے زیادہ حملے کئے گئے اور درجنوں فلسطینیوں کو مار دیا گیا ہے۔ اسرائیل کی ان کارروائیوں نے امدادی ٹیموں کے کام میں رکاوٹ ڈالی۔ ان کیمپوں کو جوڑنے والی سڑکیں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔