یروشلم: اسرائیل کی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے جمعرات کی صبح اعلان کیا کہ "لڑائی کے اگلے مراحل کی تیاری کے ضمن میں اس کے ٹینک اور پیادہ دستوں نے شمالی غزہ میں داخل ہوکر حماس کے متعدد اہداف، انفراسٹرکچر اور ٹینک شکن میزائل لانچ پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ڈی ایف کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، فوجی دستے اپنی کارروائی کے بعد سے علاقے سے نکل کر اسرائیلی علاقے میں واپس آ گئے۔ واضح رہے اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے بدھ کو بیان دیا تھا کہ اسرائیل غزہ میں زمینی کاروائی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ ٹینک اور پیدل فوج راتوں رات شمالی غزہ میں داخل ہوئی، جس نے کئی جنگجو ہلاک ہوئے، اور فوجی انفراسٹرکچر اور اینٹی ٹینک پوزیشنوں کو تباہ کر دیا۔ فوج کے پانچ انفنٹری یونٹوں میں سے ایک گیواتی بریگیڈ کے کنٹرول میں ہونے والا یہ آپریشن "لڑائی کے اگلے مراحل" کی تیاری کے لیے کیا گیا تھا، آئی ڈی ایف نے اس کارروائی میں اسرائیلی فوجیوں کے کسی جانی نقصان کا ذکر نہیں کیا ہے۔