تہران: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے پیر کو شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی میزائل حملے میں ہلاک ہونے والے اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) کے کمانڈر کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر ابراہیم رئیسی نے ایرانی صدارتی دفتر کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اسرائیل کا بدنیتی پر مبنی اقدام خطے میں اس کی مایوسی، کمزوری اور بے بسی کی ایک اور علامت ہے، اسرائیل اپنے جرم کی قیمت ضرور چکائے گا۔
آئی آر جی سی نے تصدیق کی ہے کہ اس کا ایک تجربہ کار کمانڈر، جو فوجی مشیر کے طور پر کام کرتا تھا، دمشق میں اسرائیلی میزائل حملے میں مارا گیا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ شام میں اس کا مشاورتی کردار ہے اور وہ دمشق کی درخواست پر ملک میں موجود ہے۔ اسرائیل نے برسوں سے شام میں ایران سے منسلک ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔