حلب:اسرائیل نے حلب میں شام کے فضائی اڈے پر میزائل حملہ کر کے رن وے کو تباہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحیت بند نہ ہوئی، حلب میں شام کے فضائی اڈے پر ایک بار پھر فضائی حملہ کر دیا، جس سے رن وے کو شدید نقصان پہنچا۔
میزائل حملے سے حلب کے ایئر پورٹ سے پروازیں بند ہو گئیں، شام کے وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ فورسز نے اسرائیل کی کئی مزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ اسرائیل کی جانب سے شامی ایئر پورٹ پر ایک ہفتے میں دوسرا فضائی حملہ ہے۔ شامی نیوز ایجنسی نے منگل کو بتایا کہ اسرائیل نے بحیرہ روم سے مقامی وقت کے مطابق شام سوا آٹھ بجے ساحلی شہر لطاکیہ کے مغرب میں میزائل حملہ کیا۔