تل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دے دیا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس کے شدید حملوں کے بعد اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے حکام کو غزہ کی بجلی کاٹنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ میں کھانے پینے کی اشیاء اور ایندھن کی سپلائی روکنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حماس کے جنگجو پیر کے روز اسرائیل کے جنوبی علاقے سے سرحد میں گھسے جہاں انہوں نے ٹینکوں کے ذریعے باڑ کو بھی ختم کر دیا۔ ادھر فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 2700 سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔ فلسطینی وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جہاں ہزاروں عام شہری موجود تھے جن میں بچے بھی شامل تھے جب کہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اسکول کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی گئی ہے۔