غزہ:فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق، ہزاروں فلسطینی خاندان غزہ میں اسرائیل کے زمینی حملوں میں شدت کے نتیجے میں غزہ کے چند باقی ماندہ، بھیڑ بھری پناہ گاہوں کی طرف جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق صیہونی فوج نے علاقے کے مرکز اور جنوب میں شدید حملے کیے ہیں، جس میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اپنی جان بچا کر محفوظ مقام منتقل ہونے کے لیے جسے جو سواری مل رہی ہے وہ اس کا استعمال کررہا ہے۔ سامان سے لدی پیدل یا گدھا گاڑی پر سوار، لوگوں کے قافلے دیر البلاح سے نکل پڑے ہیں۔ یہ ایک ایک ایسا قصبہ ہے جس کی آبادی عام طور پر 75,000 کے قریب ہے۔ یہ شمالی غزہ سے نکالے گئے کئی لاکھ لوگوں سے کھچا کھچ بھر گیا ہے۔
چونکہ اقوام متحدہ کی پناہ گاہیں گنجائش سے کئی گنا زیادہ بھری ہوئی ہیں، اس لیے نئے آنے والوں نے سردیوں کی راتیں گزارنے کے لیے فٹ پاتھوں پر خیمے لگائے ہیں۔
قصبے کے مرکزی اسپتال الاقصیٰ کے ارد گرد سڑکوں پر سب سے زیادہ ہجوم جمع ہو گیا ہے، انھیں لگتا ہے کہ، یہ اسپتال کا احاطہ اسرائیلی حملوں سے محفوظ رہے گا۔ اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ فی الحال، غزہ میں کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے۔ اسرائیلی جارحیت علاقے کے جنوبی کنارے پر واقع دیر البلاح رفح اور جنوبی ساحلی پٹی کے ایک چھوٹے سے دیہی علاقے میں بڑھ رہی ہے۔ گنجان آبادی والے علاقوں کو اسرائیلی فضائیہ اور زمینی افواج نے اپنے نشانے پر رکھا ہے۔ اسرائیل کی تین رکنی جنگی کابینہ کے رکن بینی گینٹز نے کہا ہے کہ جنگ کو "ضرورت کے مطابق، اضافی مراکز اور اضافی محاذوں تک بڑھایا جائے گا۔"
- اسرائیل کا مقصد غزہ کی پوری آبادی کا انخلاء ہے: نمائندہ خصوصی اقوامِ متحدہ
نمائندہ خصوصی اقوامِ متحدہ پاؤلا گیویرا بیٹنکر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ، اسرائیل غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ، اسرائیل کا مقصد غزہ کی پوری آبادی کا انخلاء ہے۔ اقوامِ متحدہ کی نمائندہ خصوصی پاؤلا گیویرا بیٹنکر کا یہ بھی کہنا ہے کہ، اسرائیل کا مقصد غزہ کی پوری آبادی کا انخلاء ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ، غزہ میں جگہ جگہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی اور اسرائیلی حملے اس جانب اشارہ کر رہے ہیں۔
- جنوبی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کئی فلسطینی جاں بحق:
جنوبی غزہ میں ایک اسپتال کے قریب بدھ کو اسرائیلی بمباری میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غزہ کی وزارت صحت نے یہ اطلاع دی۔ وزارت کے ترجمان اشرف القدرا نے ایک بیان میں کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ امدادی کارکن جنوبی غزہ کے گنجان آباد شہر خان یونس میں الامال اسپتال کے قریب رہائشی عمارت کے ملبے تلے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہے ہیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ حملے کے وقت عمارت کے اندر بہت سے بے گھر فلسطینی موجود تھے۔ وزارت صحت کے مطابق، حملے سے قبل غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 21,110 ہو گئی تھی جب کہ 55,243 زخمی ہوئے تھے۔