تہران:ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر جوہری حملہ کرنے کے آپشن کے بارے میں اسرائیلی وزیر برائے ثقافتی ورثہ امیہائی الیاہو کا تبصرہ درحقیقت یہ تسلیم کرنے کے مترادف ہے کہ اسرائیل کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے کے حوالے سے اسلامی نے کہا کہ ایک بار پھر صیہونی حکومت کے ایک اہلکار نے جوہری ہتھیار رکھنے کا اعتراف کیا ہے اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ غزہ کے مظلوم اور بے گناہ لوگوں کو دھمکیاں دے کر اس نے بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ کچھ ممالک نے اسرائیلی وزیر کے تبصروں کی مذمت کی ہے ،لیکن اب وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی تنظیمیں بالخصوص اقوامِ متحدہ اپنی خاموشی توڑیں اور ایسی بے باکی کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ اسلامی نے اسرائیلی تبصروں کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ کی پٹی پر جوہری بم گرانا ہمارے آپشنز میں سے ایک آپشن ہے: اسرائیلی وزیر