ریاض: امیر قطر تمیم بن حماد الثانی نے منگل کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ بندی کے لیے اسرائیل کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری کی طرف سے غزہ میں جاری تصادم روکنے میں بے عملی کو شرمناک قرار دیا۔ امیر قطر دوحہ میں خلیج تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
واضح رہے قطر وہ عرب ملک ہے جہاں حماس کے متعدد سیاسی رہنما رہائش پذیر ہیں اور امن مذاکرات کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہی مذاکرات کے نتیجے میں حماس اور اسرائیل کے درمیان تقریبا ایک ہفتے کے لیے جنگ بندی بھی ممکن ہوئی تھی اور سینکڑوں قیدیوں کی دونوں طرف سے رہائی کی گئی۔ تاہم بعد ازاں دوبارہ جنگ شروع ہو چکی ہے اور ایک ہزار سے زائد مزید فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ امیر قطر جنگ کا نیا مرحلہ شروع ہونے کے بعد پھر سے مذاکرات کی بحالی کے لیے کوششیں شروع کر چکے ہیں۔