تہران: ایران کی سرکاری ایجنسی ارنا کے مطابق، امور خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمیں حماس کی طرف سے مثبت جواب مل رہا ہے کہ کچھ ممالک کے مطالبات پر جن کے شہری حماس کے اسیروں میں شامل ہیں حماس نے ایران سے ان اسیروں کے بارے میں رابطہ کیا ہے جو اسرائیلی شہری نہیں ہیں اور تنازع میں فریق نہیں ہیں۔
عراق میں امریکی اڈوں پر حملوں کے بارے میں ایرانی ترجمان نے کہا کہ بعض ممالک غیر مشروط طور پر صیہونی حکومت کی حمایت کرتے ہیں، خطے میں کشیدگی کی حمایت سے ردعمل سامنے آئے گا لہذا یہ کہنا درست ہوگا کہ آپ جو بوتے ہیں وہی کاٹتے ہیں۔ جنگ میں حزب اللہ کی شمولیت کے امکان کے بارے میں ایک سوال پر کنعانی نے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کی جانب سے جمعہ کو متوقع تقریر کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ میں بھی نصر اللہ کی تقریر کا انتظار کر رہا ہوں۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے 24 دنوں سے تواتر سے فضائی، زمینی اور سمندری حملے جاری ہیں۔ خطے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 20 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ اسپتالوں کو نشانہ بنانے سے گریز نہ کرنے والی اسرائیلی فوج نے غزہ کے القدس اسپتال کے قریب راکٹ حملے کیے اور انڈونیشیا اسپتال کے گرد و نواح کو بھی نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے القدس ہسپتال کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔